کراچی: ضلع ملیر کی تحصیل گڈاپ میں بحریہ ٹاؤن کراچی کی ایک قیمتی زمین کو منجمد کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ مختیارکار گڈاپ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ملیر کو ارسال کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ نیب کراچی کے احکامات پر بحریہ ہلز، بحریہ ٹاؤن کراچی میں واقع 67.5 ایکڑ اراضی کو منجمد کردیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق مذکورہ کارروائی نیشنل اکاؤنٹیبلٹی آرڈیننس 1999 کی دفعات 12 اور 18 کے تحت کی گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ “علی ولا” کے نام سے تعمیرات سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تھیں، جس پر نیب کراچی نے مزید تحقیقات کے لیے کارروائی کا حکم دیا۔

مراسلے کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر گڈاپ، مختیارکار اور بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے 15 مئی 2026 کو موقع کا دورہ کیا اور نیب کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے متعلقہ پلاٹ کو منجمد کرنے کی کارروائی مکمل کی۔

خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی کے احکامات کی روشنی میں کی گئی اور رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کردی گئی ہے۔