کراچی (3 اپریل 2026): ڈمپر ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی۔

ڈمپر ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حکومت عوام کے زخموں پر مرہم کے بجائے نمک چھڑک رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔

ایسوسی ایشن نے بیان میں کہا کہ ٹرانسپورٹرز، مزدور اور شہری پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں، حکومت کو عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ معاشی فیصلہ نہیں بلکہ سراسر عوام دشمن اقدام ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مہنگائی سے روزگار ختم، کاروبار تباہ اور لوگ فاقوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔

ڈمپر ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، اگر قیمتیں کم نہ کی گئیں تو ملک گیر احتجاج پر مجبور ہوں گے۔