لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وزرائے اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ لاہور میں احتجاجی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر لیوی اور ٹیکس میں کمی کے بجائے خطے کے حالات کی آڑ میں عام پاکستانی پر بوجھ ڈالنے کا ظالمانہ اضافہ ناقابل قبول ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے وقت عام پاکستانی کو ریلیف نہیں دیا جاتا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر 160 روپے فی لیٹر لیوی اور دیگر ٹیکس ختم کرکے پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں 50 فیصد کمی کرکے عام پاکستانی کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی پسندیدہ آئی پی پیز کو نوازنے کے لیے ہزاروں ارب روپے کے ناجائز معاہدے ختم کرے۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ قوم مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے، بھتیجی کے لیے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا گیا، چچا کی کراچی آمد پر 37 گاڑیوں کا پروٹوکول لگتا ہے۔ Post navigation پیٹرول پر رعایت حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، ڈمپر ایسوسی ایشن کی ملک گیر احتجاج کی دھمکی