اسلام آباد : پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں 200 ملین ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا ، رقم دو بڑے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چکور نے پرتگالی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ تاریخی معاہدے کے تحت 200 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کر لی ہے، جسے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بڑی سرمایہ کاریوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ سرمایہ کاری او ایل اے ای گروپ کی معاونت سے ممکن ہوئی اور اس رقم کو چکور کے دو بڑے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔

چکور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عباس خان نے اس معاہدے کو کمپنی اور پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان پر عالمی اعتماد اور ملکی معیشت میں بیرونی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا واضح مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت، جدت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق منصوبہ بندی چکور کی کامیابی کی بنیاد ہیں، جن کی بدولت یورپی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل ہوا۔

محمد عباس خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کمپنی کے فلیگ شپ منصوبوں کو اس سرمایہ کاری سے بڑا مالی سہارا ملے گا جبکہ شہری ترقی اور جدید انفراسٹرکچر کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

سی ای او چکور نے بتایا کہ اسلام آباد کے بزنس ڈسٹرکٹ میں قائم سیٹاڈیل 7 منصوبہ عالمی سرمایہ کاروں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور اسے ایک منفرد کمرشل منصوبے کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے سے نہ صرف پاکستان میں مزید بین الاقوامی سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہوں گی بلکہ یورپی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان ایک ابھرتی ہوئی اور منافع بخش مارکیٹ کے طور پر مزید نمایاں ہوگا۔

محمد عباس خان نے دعویٰ کیا کہ چکور پاکستان میں بڑی سطح کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) حاصل کرنے والی پہلی رئیل اسٹیٹ کمپنی بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک قابل اعتماد ڈویلپمنٹ پارٹنر کے طور پر اپنی ساکھ مضبوط بنا رہی ہے اور مستقبل میں بھی بین الاقوامی سرمایہ کاری کو پاکستان لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔