اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ محسن  نقوی سعودی عرب پہنچ گئے ، جہاں وہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی فعال سفارتی مہم کے تحت ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

موجودہ علاقائی صورتحال کےتناظرمیں وزیرداخلہ کےدورہ سعودی عرب کوخاص اہمیت حاصل ہے۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ اپنے سعودی ہم منصب، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف اور دیگر اعلیٰ سعودی سیکیورٹی حکام سے انتہائی اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقات میں پاک سعودی مشترکہ سیکیورٹی تعاون، سیکیورٹی امور کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا جبکہ دونوں وزرائے داخلہ میں ایران امریکا مذاکراتی معاہدے سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات ہوگی۔

محسن نقوی کا یہ دورۂ سعودی عرب ان کے حالیہ دورۂ تہران کے فوری بعد ہو رہا ہے، جہاں انہوں نے واشنگٹن اور تہران کے مابین تناؤ کم کرنے اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی کے لیے سول اور عسکری قیادت کے کلیدی سفارتی ایلچی کے طور پر اہم کردار ادا کیا تھا۔

خیال رہے پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے اہم اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک مضبوط ‘سفارتی پُل’ کا کردار ادا کر رہا ہے، تاکہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔