لاہور : پنجاب حکومت نے 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے فیز میں پنجاب کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کے لیے ملک کے سب سے بڑے ماحول دوست ٹرانسپورٹ انقلاب کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکومت نے صوبے میں الیکٹرک بسیں، ای ٹیکسیاں، ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مریم نواز کی دوراندیش پالیسی کے تحت پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور اسمبلنگ پلانٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ “پنجاب اب صرف بسیں چلا نہیں رہا بلکہ بسیں بنا رہا ہے، اگلے 5 سالوں میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں پنجاب کی سڑکوں پر لائی جائیں گی۔

اس کے علاوہ اضلاع میں موجود 400 فعال بسوں کو جلد الیکٹرک کر دیا جائے گا جبکہ مزید 189 الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کے لیے تیار ہیں، جن کا وزیر اعلیٰ آن لائن افتتاح کریں گی۔

پنجاب حکومت نے صوبے کے دیہی اور شہری علاقوں کا ٹرانسپورٹ خلا پر کرنے کے لیے پہلے فیز میں 91 تحصیلوں میں 1500 نئی الیکٹرک بسیں چلانے کا پی سی ون منظور کر لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوام کی سہولت کے لیے 61 بسیں فوری طور پر لانچ کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے تحت جھنگ، کبیر والا، بھکر، اٹک، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں بس سروس فوراً فنکشنل کی جا رہی ہے۔

مزید برآں، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، ملتان اور مری میں 112 بسیں پہنچ چکی ہیں، جبکہ وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ اور نارووال میں 25 جولائی سے بسیں چلیں گی۔

حکام نے بریفنگ دی کہ مزید 488 بسیں 20 جولائی کو چینی بندرگاہ سے پنجاب کے لیے روانہ کر دی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کوٹ ادو، تلہ گنگ اور تونسہ شریف میں بھی فوری بسیں بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کو اجلاس کے دوران گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹمز اور مری گلاس ٹرین پر تصویری و ویڈیو پراگریس رپورٹ پیش کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ روٹ پر عوامی مطالبے پر ایک اسٹیشن کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے اب کل اسٹیشنز کی تعداد 25 ہو گئی ہے، روٹ پر بیریکیڈنگ، پائل ورک، گکھڑ منڈی اور ایمن آباد انڈر پاسز پر کام تین شفٹوں میں تیزی سے جاری ہے۔

دوسری جانب، فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے 20.3 کلومیٹر طویل روٹ پر کام تیز کر دیا گیا ہے اور ایئرپورٹ سے جھمرہ تک روڈ ورک اور ایلیویٹڈ (فلائی اوور) ورک شروع ہو چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تعمیراتی کام کے دوران ہر صورت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے اور روٹ میں آنے والے درختوں کی محفوظ منتقلی کی سخت ہدایت کی ہے۔