واشنگٹن (26 اپریل 2026): ہفتے کے روز وائٹ ہاؤس کریسپونڈنٹس ڈنر کے دوران فائرنگ کے واقعے میں گرفتار مشتبہ شخص کی شناخت قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے کول ٹوماس ایلن کے نام سے کی ہے، جو ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے ایک علاقے کا رہائشی ہے۔

روئٹرز کے مطابق سوشل میڈیا معلومات کے مطابق وہ کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کیلٹیک) کا گریجویٹ ہے اور جز وقتی استاد اور گیم ڈویلپر کے طور پر کام کرتا رہا ہے۔ اہلکار کے مطابق تقریباً 31 سالہ ایلن کیلیفورنیا کے شہر ٹورینس کا رہائشی ہے، جو لاس اینجلس کے قریب ساؤتھ بے کے ساحلی علاقے میں سانٹا مونیکا بے کے ساتھ واقع ہے۔

فیس بک پر سامنے آنے والی پوسٹس کے مطابق، دسمبر 2024 میں ٹورنس میں ’سی 2 ایجوکیشن‘ کے دفتر نے اسے ’’ٹیچر آف دی منتھ‘‘ قرار دیا تھا۔ یہ ادارہ کالج میں داخلے کی تیاری کے لیے نجی ٹیوشن فراہم کرتا ہے۔

اس پروفائل کے مطابق اس نے 2017 میں کیلٹیک سے مکینیکل انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری حاصل کی، جب کہ 2025 میں کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی، ڈومنگوز ہلز سے کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز مکمل کیا۔ کیلٹیک نے بھی ایک بیان میں تصدیق کی کہ اسی نام کا ایک شخص 2017 میں وہاں سے فارغ التحصیل ہوا تھا۔

ملازمت کے تجربے میں بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ چند برسوں سے C2 Education میں جز وقتی استاد اور خود مختار گیم ڈویلپر کے طور پر کام کر رہا تھا۔ اس سے قبل وہ ساؤتھ پاساڈینا میں IJK کنٹرولز نامی کمپنی میں ایک سال تک مکینیکل انجینئر رہا، جب کہ اس سے پہلے کیلٹیک میں ٹیچنگ اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکا تھا۔

امریکی سیکرٹ سروس کے مطابق ملزم کے پاس شاٹ گن موجود تھی اور اسے اس وقت حراست میں لیا گیا جب اس نے واشنگٹن ہلٹن ہوٹل میں ایک سیکرٹ سروس اہلکار پر فائرنگ کی۔ یہ واقعہ اس بال روم کے باہر پیش آیا جہاں تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور کابینہ کے متعدد ارکان شریک تھے۔