تہران : ایڈمرل علی رضا تنگسیری کے آخری رسومات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، ان کی نمازِ جنازہ جمعہ کے روز آبادہان کے مرکزی چوک میں ادا کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاسدارانِ انقلابِ اسلامی نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری کی آخری رسومات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، انہیں ایران کے شہر آبادہان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری، جو گزشتہ ہفتے بندر عباس میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے پیر کے روز باقاعدہ طور پر ان کی شہادت کا اعلان کیا تھا۔ حکام کے مطابق شہید کمانڈر کی نمازِ جنازہ جمعہ کے روز آبادہان کے مرکزی چوک میں ادا کی جائے گی، جس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام سمیت عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ نمازِ جنازہ کے بعد انہیں شہر کے مرکزی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ایڈمرل تنگسیری کی شہادت پر ایران بھر میں سوگ کا سماں ہے، وہ 2018 سے ایرانی بحریہ کی کمان سنبھالے ہوئے تھے اور خلیج فارس و آبنائے ہرمز میں ایرانی دفاع کو مضبوط بنانے میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔ ایرانی حکام نے ان کی شہادت کو ایک بڑا قومی نقصان قرار دیتے ہوئے دشمن کو سخت جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ Post navigation نیویارک یونیورسٹی ابوظبی نے ایران کے انتباہ کے بعد احتیاطی قدم اٹھا لیا امریکی صدر ٹرمپ نے اصفہان پر حملہ کے ویڈیو شیئر کردی