ابوظبی (31 مارچ 2026): نیویارک یونیورسٹی ابوظبی نے اپنے کیمپس کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا۔

نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ ابوظبی میں این وائی یو نے ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی دھمکی کے بعد اپنے کیمپس کو اگلے حکم تک بند کر دیا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک ای میل کے ذریعے طلبہ، اساتذہ اور عملے کو آگاہ کیا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت فوری طور پر کیمپس تک رسائی بند کی جا رہی ہے۔

ایران نے خبردار کیا تھا کہ خلیجی خطے میں موجود امریکی جامعات کے کیمپس اس کے ’’جائز اہداف‘‘ ہو سکتے ہیں، خاص طور پر اس تناظر میں کہ جاری مشرقِ وسطیٰ جنگ کے دوران ایرانی جامعات پر حملے کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل مارچ کے اوائل میں قریبی علاقوں میں ایرانی میزائل حملوں کے بعد کیمپس میں کلاسز آن لائن منتقل کر دی گئی تھیں، تاہم اس وقت کیمپس کھلا رہا اور ضروری سہولیات فراہم کی جاتی رہیں۔

این وائی یو ابو ظبی کیمپس کی بندش اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ خلیجی خطے میں قائم امریکی جامعات کو بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، خصوصاً جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر رہی ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ کیمپس کب تک بند رہے گا یا موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران یونیورسٹی آئندہ کیا حکمت عملی اختیار کرے گی۔