کراچی : گارڈن ویسٹ میں واقع گھر میں شوہرنے مبینہ طور پر بیوی کو گولی مارکر خودکشی کرلی، واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق علاقے گارڈن ویسٹ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا گارڈن ویسٹ میں واقع ایک گھر میں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی، غصے میں آکر شوہر نے اپنی اہلیہ پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں، اور بعد ازاں اسی پستول سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد بتایا کہ خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت 40 سالہ سلیمان کے نام سے ہوئی ہے تاہم زخمی خاتون کی شناخت پلوشہ کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد اور بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کی مزید باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ فائرنگ کی اصل وجہ سامنے آ سکے۔