اسلام آباد : خاور مانیکا تشدد کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے خاور مانیکا پر تشدد کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فتح اللہ برکی کو فوری طور پر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

کیس کے دیگر نامزد ملزمان زاہد بشیر ڈار، انصر کیانی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے تاہم پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے کومل جدون ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔

پی ٹی آئی وکلاء کے خلاف یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ہے، جس میں ان پر خاور مانیکا پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب عدالت میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلاء اور خاور مانیکا کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد تھانہ سیکرٹریٹ میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے اب عدم پیشی یا کیس کی حساسیت کے پیشِ نظر فتح اللہ برکی کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔