میامی(28 مار چ 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے ناکام لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند ہے تاکہ میں خود کو بہتر محسوس کر سکوں۔

میامی میں منعقدہ ’فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو‘ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن بیان دیتے ہوئے کہا کہ ”سچ تو یہ ہے کہ مجھے ہمیشہ ناکام لوگوں کے ساتھ رہنا پسند ہے، کیونکہ اس سے میں خود کو بہتر محسوس کرتا ہوں۔“

سرمایہ کاروں سے اپنے طویل خطاب کے دوران ٹرمپ نے ایرانی عہدیدار قاسم سلیمانی کو ایک ”عظیم لیڈر“ اور ”پاگل جینیئس“ قرار دیا، سوال و جواب کے سیشن کے موقعے پر امریکی صدر نے حاضرین کو ہر طرح کے سوالات کی اجازت دیتے ہوئے کہا ”آپ ہر موضوعات پر بات کر سکتے ہیں۔“

جب ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ ”اس وقت دنیا میں قیادت کی کون سی خاصیت غائب ہے؟“ تو ٹرمپ نے جواب دیا ”جیتنا۔“ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس کا فیصلہ دو گھنٹے میں ہو جاتا ہے، آپ کو یہ جاننے کے لیے پوری زندگی انتظار نہیں کرنا پڑتا کہ کون فاتح ہے اور کون ہارا ہوا؟ یہاں بہت سے ہارے ہوئے لوگ ہیں۔

ٹرمپ نے وضاحت کی کہ ”بہت سے ناکام لوگوں کا ہونا ایک اچھی چیز ہے، مجھے ان کے ساتھ وقت گزارنا پسند ہے کیونکہ اس سے میری اپنی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔“

ان کی اس بات پر مجمع میں قہقہے گونج اٹھے۔ انہوں نے مزید کہا ”مجھے ان لوگوں سے نفرت ہے جو بہت زیادہ کامیاب ہیں اور آپ کو ان کی کامیابی کی کہانیاں سننی پڑتی ہیں۔ میں ان لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو میری کامیابی کی کہانیاں سننا چاہتے ہیں۔“

بعد ازاں انہوں نے مسکراتے ہوئے وضاحت کی کہ ”میں صرف مذاق کر رہا ہوں،“ لیکن پھر فوراً ہی جملہ بدلتے ہوئے کہا ”خیر، کسی حد تک یہ سچ بھی ہے۔“ ٹرمپ نے اپنی گفتگو کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ جب آپ کامیاب ہوتے ہیں اور جیت رہے ہوتے ہیں، تو قیادت کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔