کراچی : مشرق وسطی کی خراب صورتحال ہونے کے باوجود کراچی میں پیٹرول، کروڈ آئل اور ایل پی جی کے جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی ابتر صورتحال اور ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

کراچی کی بندرگاہوں، بالخصوص پورٹ قاسم اور فوٹکو ٹرمینل پر پیٹرول، کروڈ آئل اور ایل پی جی سے بھرے جہازوں کی آمد کا سلسلہ مارچ کے پورے مہینے میں کامیابی سے جاری رہا۔

دستاویزات میں بتایا گیا کہ مارچ کے مہینے میں فجیرہ، سنگاپور، صحار، عمان اور ینبع سے لاکھوں میٹرک ٹن ایندھن درآمد کیا گیا۔

2 مارچ کو ‘ایم ٹی ٹورم دامینی’ 37,127 میٹرک ٹن پیٹرول فجیرہ سے لایا، جبکہ 9 مارچ کو ‘ایم ٹی نیو ایٹروپوس’ نے سنگاپور سے 53,139 میٹرک ٹن پیٹرول کی ترسیل مکمل کی۔

اسی طرح 10 اور 11 مارچ کو ‘ایم ٹی سپروس’ اور ‘ایم ٹی سی کلپر’ بالترتیب صحار اور فجیرہ سے مجموعی طور پر تقریباً 89,000 میٹرک ٹن پیٹرول لے کر کراچی پہنچے جبکہ 15 اور 17 مارچ کو عمان اور فجیرہ سے ‘ایم ٹی میری ٹائم ایمیٹی’ اور ‘ایم ٹی خیرپور’ کے ذریعے ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ہائی اسپیڈ ڈیزل منتقل کیا گیا۔

دستاویزات میں کہنا تھا کہ 23 مارچ کو ‘ایم ٹی ویگو’ 38,000 میٹرک ٹن گیس آئل لایا، جبکہ 26 مارچ کو پہنچنے والے جہاز ‘ایم ٹی دیرا گھیر’ سے 34,194 میٹرک ٹن گیس آئل کی ڈسچارجنگ تاحال جاری ہے۔

حکام کے مطابق مارچ میں لاکھوں میٹرک ٹن پیٹرول، ڈیزل اور فرنس آئل کی ہینڈلنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ موٹر گیسولین اور ہائی فیول اسٹاک آئل کی مسلسل آمد سے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بڑی مدد ملی ہے۔

ان انتظامات کا مقصد مشرقِ وسطیٰ کی خراب صورتحال کے دوران ملکی ضرورت کو ہر حال میں پورا کرنا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔