اسلام آباد : دفتر خارجہ نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی، وزرائے خارجہ اہم مشاورت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید تناؤ کو کم کرنے اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان نے ایک اہم سفارتی مشن کا آغاز کر دیا ہے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ 29 اور 30 مارچ کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترکیہ کے ہاکان فیدان اور مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی اہم مشاورت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔ معزز مہمان اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی خصوصی ملاقات کریں گے جس میں برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات ہوگی۔ دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ اہم ملاقات پہلے ترکیہ میں طے تھی، تاہم مصروفیات کے باعث اسے اسلام آباد میں منعقد کرنے کی دعوت دی گئی جسے قبول کر لیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ ایران اور دیگر فریقین کے درمیان تنازع ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ایران سے بھی مسلسل رابطہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کی حساسیت کے پیشِ نظر فی الحال میڈیا پر زیادہ تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ اپنے تعلقات کو سٹرٹیجک اہمیت کا حامل قرار دیا ہے، دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرے گا، جس میں تمام دوست ممالک بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ Post navigation ایرانی فضائیہ کا امریکی ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کراچی میں ایل پی جی اور پیٹرول سے بھرے جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری