کراچی(22 جون 2026): کراچی میں ڈیفنس صبا ایونیو کے قریب تیز رفتار گاڑی امام بارگاہ کے باہر ٹینٹ میں گھس گئی، واقعے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔ اتوار کی شب ڈی ای اے فیز 6 میں ایک امام بارگاہ کے باہر تیز رفتار لوڈر گاڑی عزاداروں کے مجمع پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور سمیت تین مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے تیسرے ملزم مومن کو قصبہ کالونی میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا، جبکہ دیگر دو ملزمان کی شناخت ڈرائیور زاہد اور مسافر بہادر کے نام سے ہوئی ہے۔ حراست میں لیے گئے دو ملزمان کا تعلق قصبہ کی کاٹی پہاڑی اور تیسرے کا بنارس سے ہے۔ تینوں ملزمان کا طبی معائنہ کروا لیا گیا ہے اور پولیس کو رپورٹ کا انتظار ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان حادثے کے وقت نشے کی حالت میں ہو سکتے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق، تینوں ملزمان نے شام کے وقت سی ویو کی سیر کی تھی جہاں انہوں نے مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے بیان دیا کہ وہ سوزوکی لوڈر پر سوار تھے کہ پولیس نے ایک چیک پوسٹ پر انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے پہلے گاڑی آہستہ کی اور پھر اچانک تیز رفتار سے بھگا لے گیا۔ ملزمان کا دعویٰ ہے کہ انتہائی تیز رفتاری کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر امام بارگاہ کی طرف جانے والی سڑک پر مڑ گئی اور وہاں موجود عزاداروں سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ابتدا میں حراست میں لیا گیا چوتھا شخص ملزمان کے ساتھ گاڑی میں سوار نہیں تھا، بلکہ وہ گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوا تھا جس کی وجہ سے اس کے ملوث ہونے کے حوالے سے غلط فہمی پیدا ہوئی تھی، اس کے کوائف کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ Post navigation متنازع ٹیلی کام ٹاور بل ! وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اقدام گھارو میں دو اہلکاروں کا قتل، ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک