دبئی(4 اپریل 2026): فضائی دفاع کے دوران ملبہ اوریکل بلڈنگ پر گر گیا، انٹرنیٹ سٹی میں واقع عمارت پر ملبہ گرنے سے معمولی نقصان ہوا۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق حکام نے دبئی انٹرنیٹ سٹی میں پیش آنے والے ایک معمولی واقعے پر فوری ردعمل ظاہر کیا جہاں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکارہ بنائے گئے ہدف کا ملبہ اوریکل بلڈنگ کے سامنے والے حصے پر گرا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صورتحال پر فوری قابو پا لیا گیا ہے۔

اس سے قبل دبئی مرینا میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں فضائی کارروائی کا ملبہ ایک عمارت کے بیرونی حصے سے ٹکرایا۔ حکام نے وہاں بھی کسی قسم کے جانی نقصان یا آتشزدگی کی تردید کرتے ہوئے صورتحال قابو میں ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دبئی میڈیا آفس نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ الرٹ کے دوران ویڈیوز نہ بنائیں اور نہ ہی سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ فوری طور پر حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔