کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گوادر میں سکیورٹی اہلکار کی موت کے مقدمے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور رہنماء صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ یہ فیصلہ اے ٹی سی ون کے جج محمد علی مبین نے سنایا ہے۔ بی وائی سی کے رہنماؤں اور ان کے وکلاء نے 12 جون سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور ملزمان ڈسٹرکٹ جیل ہدہ میں دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری وکلاء کو بھی ملزمان نے مسترد کر دیا تھا۔ ملزمان کے وکیل اسرار جتک ایڈووکیٹ کے مطابق یہ مقدمہ جولائی 2024 میں گوادر میں بی وائی سی کے “بلوچ راجی مچی” اجتماع کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار کی موت سے متعلق درج کیا گیا تھا۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اہلکار کو مارنے کے اصل ملزم کو بری کر دیا گیا، جبکہ تقریر کرنے والوں کو سزا سنائی گئی۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ان کے ساتھیوں کو گزشتہ برس تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، جنہیں دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ ان میں سریاب روڈ دھرنے کے دوران مبینہ فائرنگ سے تین افراد کے قتل اور پولیس پر حملے کا مقدمہ، سول ہسپتال کوئٹہ کے مردہ خانے سے شدت پسندوں کی لاشیں زبردستی لے جانے اور دہشت گردی کے بیانیے کو فروغ دینے کے الزامات شامل ہیں