مکہ مکرمہ(23 مئی 2026): سعودی عرب میں رواں برس فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آنے والے خوش نصیبوں کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک غیر ملکی عازمینِ حج کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

مکہ مکرمہ میں حج سکیورٹی فورسز کے کمانڈرز نے ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے اب تک 15 لاکھ 18 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ان میں سے 30 فیصد عازمین ‘روٹ ٹو مکہ انیشی ایٹو’ (مکہ روٹ ٹیکنالوجی) کے آسان اور جدید نظام کے ذریعے حجازِ مقدس پہنچے ہیں۔

کمانڈرز نے واضح کیا کہ عازمینِ حج کی سفری و رہائشی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اس بار بڑے پیمانے پر جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ذی الحج کے پہلے جمعے کے مبارک موقع پر لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔

اس موقع پر خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی نے ذی الحج کے پہلے 10 دنوں کی عظیم روحانی فضیلت اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔