ایران نے امریکی اور اسرائیلی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کی دھمکیوں کے بعد تہران نے سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں،ایرانی وزیر خارجہ نے ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کر کے خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا،اگر کسی علاقائی ملک نے ایران کے خلاف کسی کارروائی میں شمولیت اختیار کی تو تہران اس پر بھی سخت ردعمل دے گا۔

انہوں نےکہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور کسی بھی خطرے کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نےبھی سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے براہِ راست نشانے پر ہوں گے۔