واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے، انہوں نے کیف پر زور دیا کہ وہ روسی آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ”2وے“ کو انٹرویو میں کہا کہ یوکرین نیٹو کا رکن نہیں اور ان کے خیال میں اسے اتحاد میں شامل بھی نہیں ہونا چاہیے۔

اُنہوں نے یوکرین کو واشنگٹن کا باضابطہ اتحادی قرار دینے سے بھی گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ان کے علم میں ہے امریکا اور یوکرین کے درمیان کوئی باضابطہ دفاعی اتحاد موجود نہیں۔

امریکی نائب صدر کا روسی آئل ریفائنریوں پر یوکرینی حملوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ کیف کو یہ حملے بند کرنے چاہئیں۔

دوسری جانب یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اگلے ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سربراہی اجلاس کی تجویز دی ہے۔

روسی صدر پیوٹن کی یہ تجویز 9 اکتوبر کو ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فون گفتگو کے دوران سامنے آئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق روس ایسے مذاکرات کی کوشش چاہتا ہے جو اس کے حق میں ہوں۔