صدرمملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس دوران فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا، وفد موجودہ سیاسی صورتحال پر تحریک انصاف کی قیادت سے مذاکرات کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مملکت آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا کہ مشترکہ وفد میں محسن نقوی،راناثناالّلہ، امیر مقام،شیری رحمٰن،نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہوں گے ۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار،وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،مشیر سیاسی امور راناثنااللّہ،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ، سینیٹرشیری رحمٰن،سلیم مانڈوی والا،شرجیل انعام میمن اور ناصرحسین شاہ بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا گیا۔ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا، دہشتگردی کیخلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔