وفاقی وزیرمواصلات اورصدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سےوفاقی وزیر مذہبی امورسردار محمد یوسف نےملاقات کی،جس میں نئےصوبوں،انتظامی یونٹس،ملکی وسیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار محمد یوسف نے خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کی تشکیل کی حمایت پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور نئے صوبوں کے لیے آواز بلند کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

عبدالعلیم خان نےکہاکہ نئےصوبےصوبوں کی تقسیم نہیں بلکہ بہترتنظیم کا معاملہ ہیں،چاروں صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل وقت کا تقاضا ہے،سیاست کےبجائے عوامی مسائل کا بہتر حل تلاش کرنا ہوگا اورہرشہری کو تعلیم، صحت اوربنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

صدرآئی پی پی کاکہناتھا کہ موجودہ صوبائی نظام عوام کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنےمیں ناکام ہوچکا ہے،دنیا آگے بڑھ رہی ہے جبکہ ہم برسوں پرانے نظام سے جڑے ہوئے ہیں۔

سردارمحمد یوسف نےکہا کہ موجودہ صوبائی نظام ڈیلیورکرنےمیں بری طرح ناکام ہوچکا ہے،نئےصوبوں کےقیام پرصحت مندانہ گفتگو میں کوئی حرج نہیں، تاہم ڈیڈلاک سے بچنا ہوگا۔

دونوں وفاقی وزرا نے نئےصوبوں کے معاملےپرصحت مندانہ اور بامقصد گفتگو کو ضروری قرار دیتے ہوئے اتفاق رائے اور مثبت پیش رفت پر زور دیا۔

عبدالعلیم خان نےکہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے مسئلے کی نشاندہی خوش آئند ہے، ان شاء اللہ جلد مثبت پیش رفت کی توقع ہے اور اچھی خبریں آسکتی ہیں۔