اسلام آباد : حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دیگر ممالک کی طرح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی لگانے پر غور شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کے استحصال اور فحاشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے عنقریب ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے کے لیے بچوں کی کم از کم عمر مقرر کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ دنیا کے کئی دیگر ممالک کی طرز پر مخصوص اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مکمل پابندی لگانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ فیملی ولاگنگ کے نام پر پھیلائی جانے والی فحاشی اور بے ہودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی سخت ضوابط شامل کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران آسٹریلیا سمیت دیگر پیش رفتہ ممالک کی جدید سوشل میڈیا پالیسیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ وزارتِ داخلہ کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)، اور وفاقی و صوبائی پولیس کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں بچوں کے استحصال اور سائبر کرائمز کے کیسز کا جائزہ پیش کیا جائے گا، جس کے بعد حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔ Post navigation رفاحی پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ، مصطفیٰ کمال سمیت 10 افراد کو نوٹس جاری چاروں صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل وقت کا تقاضا ہے،عبدالعلیم خان