اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں پر سندھ اسمبلی نے اپنا اسٹینڈ لیا لیکن فیصلہ ہوگا تو عمل کرنا پڑے گا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے عوام کی بہتر خدمت ہوگی، نئے صوبوں کا فیصلہ ہوگا تو کسی سیاسی پارٹی کے مفادات کا تحفظ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان جیسے کمزور ملک نے بھی 30 سے زائد صوبے بنالیے ہیں، نئےصوبے بننے سے اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل ہوں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ صوبوں کا لفظ شاید مسئلہ ہے، انتظامی یونٹ کہنا بہتر ہے جو بھی فیصلہ ہوگا عوام کے مفاد میں ہوگا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نثار کھوڑو کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی تھی۔ نثار کھوڑو نے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد ایوان میں پیش کی جسے موجود تمام ارکان نے اتفاقِ رائے سے منظور کیا۔ اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے تمام ارکان نے ’سندھ دھرتی ماں ہے‘ کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ Post navigation پیپلزپارٹی کا وفاقی وزرا کے بیانات کے خلاف عوامی سطح پر بھرپور جواب دینے کا فیصلہ تھرپارکر: سول اسپتال مٹھی میں 8 ماہ کے دوران 480 نومولود بچے جاں بحق ہونے کا انکشاف