ریاض : سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کانفرنس لیپ 2026 کا آغاز ہوگیا،وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کانفرنس لیپ 2026 کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا، جس میں دنیا بھر سے ٹیکنالوجی ماہرین، سرمایہ کار، اسٹارٹ اپس اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں شریک ہیں۔ چار روزہ عالمی ٹیکنالوجی ایونٹ میں 1800 سے زائد ٹیکنالوجی برانڈز، 600 سے زائد اسٹارٹ اپس، 1900 سرمایہ کار اور 1000 سے زائد مقررین شرکت کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان پویلین کا افتتاح کیا، جہاں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جدید مصنوعات، ڈیجیٹل خدمات اور آئی ٹی سلوشنز پیش کیے جارہے ہیں۔ لیپ 2026 میں 20 پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں خصوصی پویلین میں شریک ہیں، جبکہ تقریباً 25 پاکستانی اسٹارٹ اپس بھی عالمی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سامنے اپنی مصنوعات اور خدمات متعارف کرا رہے ہیں۔ شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 50 پاکستانی کمپنیاں ایونٹ میں اپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کررہی ہیں، جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے 10 کمپنیوں کو خصوصی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیک کمپنیوں کی سعودی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں اور انہیں سعودی عرب میں کروڑوں ڈالرز کے منصوبوں کے کاروباری مواقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتر عالمی ساکھ اور سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کررہے ہیں۔ شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ گزشتہ سال تقریباً 10 لاکھ نوجوانوں کو ڈیجیٹل اور جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی گئی، جبکہ سیمی کنڈکٹر ڈیزائن سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کی تربیت بھی شروع کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی اور مقامی کمپنیوں کی مستقبل کی افرادی قوت کی ضروریات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ مارکیٹ کی طلب کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کو جدید مہارتوں کی تربیت فراہم کی جاسکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لیپ جیسے عالمی ایونٹس پاکستانی ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کمپنیوں کو عالمی منڈی میں متعارف کرانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ Post navigation مکہ دفاعی معاہدہ، سٹریٹیجک کمیٹی کا پہلا اجلاس، دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنانے پر غور امریکی فوج کے سیکریٹری ڈین ڈرسکول نے استعفیٰ دے دیا