رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ سندھ کے ٹکڑے چاہنے والے صوبے کے عوام کے سامنے عیاں ہو جائیں گے۔نثار کھوڑو نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق تحریک التوا پر اکثریتی رائے کے بعد قرارداد منظور کی جائے گی، قرارداد لاتے تو بھی نئے صوبوں کے حامی ایوان میں بات کر سکتے تھے، پیپلز پارٹی کے نمائندے آئینی فورم پر نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے مطالبے کو مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی 5 مرتبہ نئے صوبوں کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے، کل اگر ریفرینڈم کا مطالبہ زور پکڑے تو کیا فیصلہ جلسوں میں کیا جائے گا، ہمارا موقف واضح ہے سندھ کی تقسیم اور نیا صوبہ عوام کا مطالبہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ کرنے والوں کو پریس کانفرنس یا جلسوں سے کسی نے نہیں روکا، پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام دھرتی کی تقسیم کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ ہر فورم پر نئے صوبوں کی بات مسترد کر کے سندھ کی وحدت کا تحفظ کیا اور کرتا رہوں گا، سندھ کی وحدت کا تحفظ کرنے والوں پر الزامات لگا کر مشترکہ طاقت کو کمزور نہ کیا جائے۔