ڈیرہ اسماعیل خان (26 جولائی 2026): حکومت پاکستان نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی تعاون کے فروغ کیلیے مطلوب دہشتگردوں، جنہیں سرکاری اعلامیے میں ’فتنۂ الخوارج‘ قرار دیا گیا ہے، کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری یا قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے والوں کیلیے بھاری انعامات کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق مطلوب دہشتگردوں کو زندہ یا مردہ گرفتار کروانے، ان کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع دینے یا ان کی گرفتاری میں مؤثر معاونت کرنے والے افراد کو مقررہ انعامی رقم ادا کی جائے گی، جبکہ اطلاع فراہم کرنے والے کی شناخت ہر صورت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق جاری کردہ فہرست میں شامل مطلوب دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 5 لاکھ روپے سے لے کر ایک کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ فہرست میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ تحصیل کلاچی، درازندہ، درابن، پروآ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد مطلوب افراد شامل ہیں، جنہیں مختلف دہشتگردی کی کارروائیوں میں مطلوب قرار دیا گیا ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مطلوب دہشتگرد یا مشتبہ نقل و حرکت کے بارے میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس مقصد کیلیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی اہم اطلاع یا معلومات کیلیے 0966-9280252 پر رابطہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون دہشتگردی کے خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلیے انتہائی اہم ہے۔

انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قومی سلامتی کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ضلع اور خطے میں امن و امان کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔