ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق امریکی افواج نے شمال مشرقی ایران کے صوبہ گلستان میں واقع آق قلعہ کے قریب آق تکا خان ریلوے پل کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا جبکہ دوسری جانب بحرین اور کویت میں میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد فضائی دفاعی نظام متحرک ہو گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ڈیڑھ بجے ریلوے پل پر سات میزائل یا پروجیکٹائل داغے گئے جن میں سے دو ریلوے ٹریک پر آ کر پھٹے جس سے ریلوے لائن کو نقصان پہنچا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملے میں آق تکا خان پل کو ایک امریکی کروز میزائل نے نشانہ بنایا، تاہم اس کارروائی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب کویت کی فوج کے جنرل سراف نے بتایا کہ ملک کا فضائی دفاع دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے میں مصروف ہے۔ ان کے مطابق مختلف علاقوں میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد متاثرہ ریلوے پل اور ٹریک کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔