تہران (30 جون 2026): ایران کا کہنا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایرانی وفد کی امریکی حکام سے آئندہ چند روز تک کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ اب تک امریکا سے مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں، ایرانی وفد کل دوحہ میں قطری حکام سے مذاکرات کرے گا، جس میں منجمد اثاثوں کی بحالی پر بات چیت ہوگی۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بیرونی مداخلت مزید پیچیدگیاں پیدا کرے گی، ایران مفاہمتی معاہدے پر کاربند ہے، امریکا وعدوں پر عمل کرے اور اسرائیل کو بھی مجبور کرے، امریکا کتنا سچا ہے اس کا فیصلہ معاہدے کو دیکھ کر کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ مفاہمتی یاداشت کو سکیورٹی کونسل کی بھی حمایت حاصل ہے، معاہدے کی تمام شقیں پارلیمنٹ کے نوٹس میں بھی تھیں۔