وزیراعظم شہبازشریف کا پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہونے پر اہم بیان آگیا۔

ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ الحمدللہ! آج پاکستان کی معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل طے ہو گیا، پی آئی اے نجکاری ٹرانزیکشن کا پہلا مالیاتی مرحلہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مینجمنٹ کنٹرول انویسٹر کنسورشیم کو منتقل اور قومی ایئرلائن کے نئے باب کا آغاز ہے، پی آئی اے کو جدید اور مستحکم بنانے کیلئے سرمایہ کاری سے ایئرلائن کی بحالی کی بنیاد رکھی ہے، کامیاب نجکاری سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت مل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جب کہ مشیر نجکاری محمد علی، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور نجکاری کمیشن کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم، انتھک محنت سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی، حکومت مضبوط معیشت اور روشن مستقبل کیلئے جرات مندانہ اصلاحات جاری رکھے گی۔