کراچی (28 جون 2026): کراچی میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشتگرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہدا کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردی کرنے والے عناصر چاہیے وہ کہیں بھی ہوں سکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گی۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ملک سے اس کے خاتمہ کیلیے جدوجہد کرتے رہیں گے، بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کیلیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

بعد از نماز جنازہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ بھی کیا جہاں دہشتگردانہ حملہ ہوا تھا۔