ریاض (18 مئی 2026): سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اس نے عراقی فضائی حدود سے داخل ہونے والے تین ڈرون تباہ کر دیے۔

ترجمان سعودی وزارت دفاع کے مطابق عراقی فضائی حدود سے آنے والے تین ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا گیا، ترجمان نے کہا مملکت اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

ترجمان سعودی وزارت دفاع میجر جنرل ترکی المالکی نے اتوار کے روز کہا وزارتِ دفاع مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے، انھوں نے کہا مملکت اپنی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کا جواب دینے کے لیے ضروری عملی اقدامات کرے گی۔


روئٹرز کے مطابق اگرچہ ایران تنازع کے دوران ہونے والی کشیدگی میں اپریل میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد کافی حد تک کمی آ چکی ہے، تاہم عراق سے سعودی عرب اور کویت سمیت خلیجی ممالک کی جانب ڈرونز بھیجے جاتے رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے عراق کے سفیر کو بھی ریاض طلب کیا تھا، کیوں کہ سعودی عرب کے مطابق عراقی سرزمین سے ڈرونز کے ذریعے مملکت اور دیگر خلیجی ریاستوں کو مسلسل نشانہ بنانے اور دھمکانے کی کارروائیاں کی جا رہی تھیں