دہلی (26 دسمبر 2025): بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے کرسمس کی تقریبات پر حملے کر کے سجاوٹیں توڑ ڈالیں اور گرجا گھروں میں گھس کر دھمکیاں دیں۔

کل دنیا بھر میں مسیحی برادری نے اپنا مذہبی تہوار کرسمس منایا۔ تاہم بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے اقلیتوں کے خلاف انتہا پسندی کی تمام حدیں توڑ دیں اور مسیحی برادری کو کرسمس بھی سکون سے نہیں منانے دیا۔

بجرنگ دل کے انتہا پسند جتھوں نے گرجا گھروں میں گھس کر ان کی عبادات میں مداخلت کی اور سنگین دھمکیاں دیں۔ شاپنگ مالز، عیسائی آبادیوں اور دیگر مقامات پر مسیحی برادری کی جانب سے لگائے جانے والے کرسمس ٹری اور سجاوٹیں تباہ کر دی گئیں۔

مدھیہ پردیش کے ایک چرچ کے باہر توڑ پھوڑ کی گئی اور خوشیاں مناتے مسیحی افراد کو ہراساں کرنے کے لیے غنڈوں نے انتہا پسندی پر مبنی دھمکی آمیز نعرے لگائے۔

ایک جتھے نے آسام کے ایک اسکول پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور کرسمس کی سجاوٹی اشیا کو آگ لگا دی۔ چھتیس گڑھ میں شاپنگ مال کے باہر کرسمس فلوٹ کو تباہ کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ اتر پردیش، اڑیسہ، چندی گڑھ، کیرالہ سمیت دیگر ریاستوں میں سینکڑوں مقامات پر حملے کر کے کرسمس تقریبات کے رنگ میں بھنگ ڈالا گیا۔