گجرات (6 مئی 2026): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کل کراچی میں بلاول بھٹو کا پروٹوکول 40 گاڑیوں پر مشتمل تھا۔ وفاقی اور سندھ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بڑے پروٹوکولز سے شہریوں کو شدید پریشان کیا جاتا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کراچی گئے تو ان کے ساتھ 37 گاڑیاں تھیں، پورے سسٹم پر مخصوص طبقے نے اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں غربت کی شرح میں 41 فیصد اضافہ ہو چکا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز عوام کے پیسے سے لگژری جہاز چلا رہی ہیں، حکومت وہ کام نہیں کر رہی جو اس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 79 سال سے سیاسی جماعتیں عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں، چینی، آٹا اور آئی پی پیز مافیا کے ہوتے حالات نہیں بدل سکتے، اربوں روپے کے اشتہارات عوام کے پیسوں سے دیے جا رہے ہیں، چار سڑکیں بنانے کا نام گورننس نہیں ہوتا، سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنا حکومت کی ناکامی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک میں زراعت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، عوام کے مسائل حل کریں ورنہ منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، ملک میں امیر اور غریب کیلیے دہرا نظام چل رہا ہے۔ Post navigation کیا کےالیکٹرک کے نئے سی ای او کراچی کے شہریوں کی مسیحائی کرپائیں گے؟ مویشی منڈی میں اب تک کتنے جانور آ چکے ہیں؟