تہران: خطے کی کشیدہ صورتحال کے درمیان ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے جنگی جہاز کو میزائل حملے سے نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں اجازت لیے بغیر غیرقانونی طور داخل ہونے کی کوشش کرنے والے امریکی بحریہ کے ڈسٹرائر جہاز کو پہلے خبردار کیا گیا تھا۔

جاری بیان کے مطابق امریکی جہاز نے وارننگ شاٹ اور ریڈیو پر بھیجے گئے انتباہ کو یکسر نظرانداز کیا اور آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش جاری رکھی جس پر اسے میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج کا کہنا تھا کہ حملوں کے نتیجے میں امریکی نیوی کے ڈسٹرائر جہاز نے آبنائے ہرمز میں اپنا سفر روک دیا اور پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگیا تھا۔

دوسری جانب سینٹکام کا ایران کی جانب سے کئے گئے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں کسی امریکی جہاز پر حملہ نہیں ہوا بلکہ امریکی پرچم بردار دو تجارتی جہاز آبنائے ہرمز کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

امریکا کے اس دعوے کو پاسداران انقلاب نے سفید جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے کوئی امریکی جہاز نہیں گزر سکا۔