کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کریش کر گئی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے سائے پاکستان کی معیشت پر گہرے ہونے لگے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کا شکار ہو گئی، جہاں انڈیکس میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آج کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں نے فروخت کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں دورانِ کاروبار بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس میں ایک موقع پر 7,050 پوائنٹس تک کی ریکارڈ کمی دیکھی گئی۔ معمولی ریکوری اور کریکشن کے بعد انڈیکس اس وقت 5,767 پوائنٹس کی مجموعی کمی کے ساتھ 1,45,940 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ مارکیٹ ایک لاکھ 46 ہزار کی اہم نفسیاتی سطح برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور اس سے نیچے آگئی۔ اسٹاک ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے نتیجے میں عالمی سپلائی چین متاثر ہونے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کر دیا ہے اور مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث بڑے مالیاتی اداروں نے اپنے حصص فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق، جب تک مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں بہتری کے آثار نظر نہیں آتے، مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ Post navigation ’’پاکستان میں سالانہ 20 سے 30 فی صد سمندری خوراک ضائع ہو جاتی ہے‘‘ پیٹرول پمپ مالکان نے حکومت سے مارجن بڑھانے کا مطالبہ کر دیا