اسلام آباد(29 مارچ 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے وزیر خارجہ کی سوشل میڈیا پوسٹ کو شیئر کیا ہے جس میں خطے کی صورتحال کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے، جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر بڑی خبر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستانی پرچم بردار 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر اتفاق ہوا ہے، جس کے تحت روزانہ دو پاکستانی بحری جہاز وہاں سے گزر سکیں گے۔

انہوں نے ایران کے اس اقدام کو خوش آئند، تعمیری اور خطے میں امن کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحری جہازوں کی آمدورفت سے خطے میں استحکام آئے گا۔

نائب وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ایران کا یہ مثبت اعلان امن کی جانب ایک بامعنی قدم ہے اور مذاکرات و سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔

اسحاق ڈار نے اپنی ٹوئٹ میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو بھی ٹیگ کیا۔

اس اہم سفارتی پیش رفت کے بعد صدر ٹرمپ نے بھی امریکی وزیر خارجہ کی پوسٹ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر کے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔