مناما (29 مارچ 2025): بحرین میں المونیم کی فیکٹری پر ایرانی حملے میں 2 کارکن زخمی ہو گئے ہیں۔

بحرین کی المونیم فیکٹری البا نے 28 مارچ کو ایرانی حملے کی تصدیق کر دی، کمپنی کے مطابق حملے میں دو ملازمین معمولی زخمی ہوئے۔

ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ انھوں نے رات بھر علاقے میں امریکی فوجی اور خلائی صنعت سے منسلک دو صنعتی کمپلیکسز پر حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے متحدہ عرب امارات میں امل ایلومینیم پلانٹ اور بحرین میں البا ایلومینیم پلانٹ کو نشانہ بنایا۔

ترجمان نے کہا یہ دونوں اہم صنعتی ادارے ہیں اور بحرین کا البا ایلومینیم پلانٹ امریکی فوجی ساز و سامان تیار کرنے میں ایک مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔ یہ جوابی حملے ایرانی صنعتی انفرااسٹرکچر پر حملوں کے بعد جوابی حملے کیے گئے۔

دریں اثنا، ایران میں یونیورسٹیوں پر حملوں کی اطلاعات کے بعد پاسداران انقلاب نے اسرائیل اور امریکا میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بھی جائز ہدف قرار دے دیا۔

ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بم بھی برسا دیے ہیں، حیفا کی بندرگاہ پر اسرائیل کے اسٹریٹجک الیکٹرانک وار فیئر سینٹر، جدید ریڈار اور بین گوریون ایئربیس پر ایندھن ذخیرے کو ڈرون نے نشانہ بنایا۔ وسطی اسرائیل کے شہر ایشتول میں ایرانی میزائل حملے میں گیارہ افراد زخمی ہو گئے۔

دوسری طرف اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملے تیز کر دیے ہیں، میڈیا وین پر حملے میں تین صحافی مارے گئے، جزین پر میڈیا وین کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔ المنارٹی وی کے علی شعیب، ایک اور چینل کی رپورٹر فاطمہ فتونی اور ان کے کیمرا مین بھائی شہید ہو گئے۔ فاطمہ کی سہیلی نے ان کی پریس جیکٹ اور مائیک اور ہیلمٹ دکھا کر کہا یہ ہیں فاطمہ کے ہتھیار۔