رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے ایم کیو ایم رہنما فرحان انصاری کے بیان پر ردعمل دے دیا۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی رہنما سعید غنی نے کہا کہ لاہور اس لیے آگے بڑھ گیا کیونکہ وہاں پر ایم کیو ایم نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ یونٹ انچارج کی بات کرتے ہو ہم تو اس قائد کے خلاف بھی دھڑلے سے بولتے تھے جسے آپ نے چھوڑ دیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پر تنقید کریں ہوسکتا ہے وہ شہریوں کی توقعات پر پورا نہ اترتے ہوں، خواہش ہے شہر سے اسٹریٹ کرائم ختم ہوجائیں لیکن ایسسا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی فرحان انصاری نے پیپلزپارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج الطاف حسین بہت یاد آرہا ہے ہمارے دور میں یونٹ انچارج کے خلاف تمہاری آواز نہیں نکلتی۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ کورنگی کے اندر چائنا کٹنگ میں ان کی سرپرستی ہے یا نہیں؟ ایم کیو ایم کے اندر کوئی گروپ نہیں، پیپلز پارٹی کے اندر گروپ ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے فرحان انصاری کی تقریر پر شدید احتجاج کیا اور ان کے الفاظ حذف کرنے کا مطالبہ کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے فرحان انصاری کے الفاظ پر ایکشن لینے اور کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرحان انصاری کے الفاظ پورے ایوان کو دھمکی ہیں، بعد میں اسپیکر نے غیر پارلیمانی الفاظ حذف کردیے، جس پر ایم کیو ایم کے ارکان نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔