اسلام آباد (28 مئی 2026): پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 28 سال ہو گئے یوم تکبیر کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم تکبیر اس تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے، جب پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔

مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اس دن پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا، یہ عظیم سنگ میل قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خود مختاری کی علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے اور یہ تاریخی کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں، انجینئرز کی غیر معمولی خدمات کی بدولت ہے۔ یہ کامیابی پاک افواج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں کا ثمر ہے۔

واضح رہے کہ آج سے 28 برس قبل آج ہی کے دن 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا تھا اور پاکستان نے دنیا کی ساتویں اور عالمِ اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر تاریخ رقم کر دی تھی۔

بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے بعد ہندوستانی قیادت کے جارحانہ عزائم نے جب خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا تو پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت نے عالمی دباؤ، دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود قومی سلامتی پر جراتمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع چاغی میں کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان جوہری ریاست بنایا