اسلام آباد : حکومت پیٹرول کوٹہ مختص کرنے کے لیے ڈیجیٹل ایپ تیار کررہی ہے ، جس کے تحت شہریوں کو مخصوص کوٹہ ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی راشننگ کے لیے ایک نئے ڈیجیٹل سسٹم کی تجویز صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے سامنے پیش کرنے والے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی کھپت کو روکنا اور وفاقی خزانے پر سبسڈی کا بوجھ کم کرنا ہے۔ ڈیجیٹل کوٹہ سسٹم کیسے کام کرے گا؟ ذرائع نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے، صارفین کو اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور شناختی کارڈ (CNIC) تفصیلات ایپ میں درج کرنی ہوں گی۔ ہر رجسٹرڈ صارف کو اس کے استعمال کے پیٹرن اور ایندھن کی دستیابی کی بنیاد پر روزانہ یا ماہانہ پیٹرول اور ڈیزل کا ایک مخصوص کوٹہ الاٹ کیا جائے گا اور شہری صرف اپنے الاٹ شدہ کوٹہ کی حد تک ہی پیٹرولیم مصنوعات خرید سکیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف آج ایوانِ صدر میں صدر زرداری سے ملاقات کریں گے جس میں اہم نکات زیرِ بحث آئیں گے: وفاقی حکومت اب تک 100 ارب روپے کی فیول سبسڈی دے چکی ہے، اب وزیراعظم صوبائی حکومتوں کو بھی اس سبسڈی کے اخراجات میں شامل کرنے کی تجویز دیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کے باوجود گزشتہ ایک سال میں ایندھن کے استعمال میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث یہ سخت اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔ Post navigation کراچی میں بچوں کو اغوا کر کے نشہ اورچوری کرانے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ، بازیاب بچے کے ہولناک انکشافات لاک ڈاؤن کی بازگشت : تاجر برادری نے سندھ حکومت کو خبردار کردیا