فیصل آباد(14 مئی 2026): فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سرجری کے دوران مریض کے سینے میں طبی آلہ (چمٹی) رہ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی 22 سالہ ثقلین کے دل میں سوراخ تھا، جس کے لیے ڈاکٹر ضیغم رسول نے 4 اپریل کو اس کی اوپن ہارٹ سرجری کی۔ آپریشن کے کچھ روز بعد جب مریض کو سینے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی تو ایکسرے کروانے پر انکشاف ہوا کہ سرجری کے دوران ڈاکٹر سینے کے اندر ہی چمٹی بھول گئے تھے۔

معاملہ سامنے آنے پر ڈاکٹر ضیغم نے 23 اپریل کو مریض کی دوبارہ سرجری کی اور اندر رہ جانے والا آلہ نکالا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایم ایس کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے حیران کن طور پر سرجن ڈاکٹر ضیغم کو کلین چٹ دے دی اور تمام تر ذمہ داری نرسنگ اسٹاف پر ڈال دی۔

کمیٹی نے دو نرسوں، اقصیٰ سردار اور ندا ارفع کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیا، جس کے بعد دونوں نرسوں کو اسپتال ڈیوٹی سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے معاملے کی حتمی رپورٹ اور کارروائی کے لیے کیس سیکرٹری ہیلتھ کیئر کے سپرد کر دیا ہے۔ دوسری جانب نرسنگ اسٹاف کی برطرفی پر بحث چھڑ گئی ہے کہ آپریشن تھیٹر کا سربراہ ہونے کے ناطے ڈاکٹر کو بری الذمہ کیسے قرار دیا گیا۔