حیدرآباد(9 اپریل 2026): بھارت کے تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل کونسل نے طبی غفلت کے دو مختلف واقعات پر سخت کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکٹروں کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلے واقعے میں حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال کے آرتھوپیڈک ڈاکٹر کرن ایم پاٹل کا لائسنس 6 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے، جنہوں نے ایک مریض کے متاثرہ بائیں ٹانگ کے بجائے اس کے صحت مند دائیں ٹانگ کا آپریشن کر دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو غلطی کا احساس اس وقت ہوا جب وہ دائیں ٹانگ کا آپریشن مکمل کر چکے تھے، جس کے بعد انہوں نے بائیں ٹانگ کا بھی آپریشن کیا۔

متاثرہ شخص کی جانب سے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر کو دی گئی شکایت پر تحقیقات کی گئیں، جس میں کونسل نے ڈاکٹر کو غفلت کا مرتکب پایا اور ان کے کام کرنے پر 6 ماہ کی پابندی عائد کر دی۔

ایک دوسرے کیس میں میڈیکل کونسل نے منچریال کے ایک ڈاکٹر سی ایچ سریکانت کا لائسنس 3 ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈینگو کے ایک مریض کی حالت بگڑنے کے باوجود اسے بروقت کسی بڑے اسپتال منتقل نہیں کیا، جس کے باعث مریض انتقال کر گیا۔

میڈیکل کونسل کے صدر نشین نے بتایا کہ دونوں ڈاکٹروں کو اپنی اسناد کونسل کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تاہم، دونوں ڈاکٹروں کو اس فیصلے کے خلاف 60 روز کے اندر اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔