(3 اپریل 2026): توانائی بحران میں ذخیرہ اندوز گیس اور پٹرول جمع کرنے لگے پولیس نے چھاپہ مار کر قبرستان میں چھپائے گئے سینکڑوں گیس سلنڈر برآمد کر لیے۔

گیس سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی کا یہ انوکھا واقعہ بھارت میں پیش آیا ہے جہاں حیدرآباد دکن میں 414 ایل پی جی گیس سلنڈرز قبرستان میں چھپائے گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایران جنگ کے باعث پورے ہندوستان میں ایل پی جی گیس اور پٹرول کا شدید بحران ہے اور لوگ میلوں لمبی قطاریں لگا کر اس کے حصول کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اس صورتحال میں ذخیرہ اندوز فائدہ اٹھانے کے لیے گیس کا ذخیرہ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حیدرآباد دکن میں ذخیرہ اندوزوں نے ایک قبرستان میں سینکڑوں ایل پی جی گیس سلنڈر چھپائے ہوئے تھے، جس کی مخبروں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر ایک قبرستان کے اندر چھاپہ مارا اور وہاں سے 414 ایل پی جی گیس سلنڈر برآمد کیے اور موقع سے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان قبرستان سے کمرشل اور گھریلو دونوں اقسام کے سلینڈر تقریباً تین گنا زیادہ قیمت پر فروخت کر رہے تھے اور تقریباً 2100 بھارتی روپے مالیت کا کمرشل سلینڈر 6 ہزار روپے تک فروخت کیا جا رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے سلینڈرز اور استعمال ہونے والی گاڑیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 22 لاکھ بھارتی روپے ہے۔