لاہور: پنجاب حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار میں نرمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وفاقی وزارت تعلیم کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ مدارس کو نئی رجسٹریشن سے استثنیٰ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق ترمیمی بل متعلقہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے حوالے کیا گیا ہے۔

بل کے متن کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی تعلیم سے رجسٹرڈ مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی، وفاقی سطح پر رجسٹرڈ مدارس پنجاب میں دوبارہ رجسٹریشن کرانے کے پابند نہیں ہوں گے۔

قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ترمیمی بل کو حتمی منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا جائے گا، پنجاب اسمبلی سے بل پاس ہونے کے بعد حتمی منظوری کے لیے گورنر پنجاب کو بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے صوبے میں دینی مدارس کا رجسٹریشن نظام یکجا کرنے اور اس کے لیے ایکٹ میں ترمیم لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس کے لیے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت الگ رجسٹریشن کی شرط نرم کرنے کیلیے قانونی ترامیم کی تجویز دی گئی تھی۔

اس ایکٹ کے بعد وفاق المدارس اور دیگر دینی بورڈز کے تحت رجسٹرڈ مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن نہیں کرانا پڑے گی۔