لاہور : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 65 فیصد تک کا بھاری اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر اب عام آدمی کی سواری پر بھی پڑنے لگا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے مختلف شہروں کے کرایوں میں 65 فیصد تک کا بھاری اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد غریب اور متوسط طبقے کے لیے ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کرنا خواب بن گیا ہے۔:ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق لاہور سے کراچی کا کرایہ 8,600 سے بڑھ کر 12,000 روپے ، لاہور سے حیدرآباد کا کرایہ 9,200 سے بڑھ کر 13,000 روپے ، لاہور سے اسلام آباد کا 3,000 سے بڑھ کر 4,000 روپے اور لاہور سے پشاور کا کرایہ 3,500 سے بڑھ کر 4,600 روپے کردیا گیا۔ اس کے علاوہ لاہور سے فیصل آباد: 1,350 سے بڑھ کر 2,350 روپے ، لاہور سے مری 3,300 سے بڑھ کر 4,500 روپے ، لاہور سے ملتان: 2,800 سے بڑھ کر 3,700 روپے ہوگیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے نہ صرف ایندھن بلکہ گاڑیوں کے اسپئیر پارٹس بھی انتہائی مہنگے ہو چکے ہیں، اگر کرایوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو وہ گاڑیاں بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے کیونکہ موجودہ حالات میں کاروبار چلانا ممکن نہیں رہا۔ دوسری جانب مسافروں نے اس اضافے کو مسترد کرتے ہوئے دہائی دی ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں سفر کرنا محال ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ “اب سمجھ نہیں آتا کہ بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلائیں یا ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کریں”۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرایوں میں خودساختہ اضافے کا نوٹس لیا جائے۔ Post navigation پیٹرول کی اصل قیمت کیا ؟ پاکستانی عوام ایک لیٹر پر کتنا ٹیکس ادا کررہی؟ ٹول ٹیکس میں اضافہ کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا