واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو متنازع منصوبے پروجیکٹ فریڈم پر اچانک یوٹرن لینا پڑ گیا جس کی وجہ سعودی عرب کی جانب سے فوجی تعاون اور فضائی حدود کے استعمال سے انکار بتایا جا رہا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق این بی سی نیوز نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ وہ پرنس سلطان ایئر بیس سے امریکی طیاروں کی پرواز یا اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا، اس فیصلے کے بعد منصوبے پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تاہم معاملہ حل نہ ہو سکا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس اہلکار کا کہنا ہے کہ بعض قریبی خلیجی اتحادیوں کو بھی پروجیکٹ فریڈم سے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا تھا جس پر حیرانی ظاہر کی گئی ہے، بعد میں امریکی حکام نے عمانی حکام سے رابطہ کر کے ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ عارضی طور پر اس لیے معطل کیا گیا تاکہ خطے میں اہم فضائی رسائی برقرار رکھی جا سکے۔