کراچی : مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے گھر چھاپے کے دوران فائرنگ سے زخمی ڈی ایس پی زخمی ڈی ایس پی ایک سال بعد دم توڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ارمغان کی گرفتاری کے دوران ملزم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈی ایس پی احسن ذوالفقار ایک سال تک زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد انتقال کر گئے، شہید افسر کی نمازِ جنازہ میں پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ایک سال قبل ارمغان نامی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے کے دوران ملزم نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔

منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو میں ملزم ارمغان کو واضح طور پر گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کی زد میں آ کر ڈی ایس پی احسن ذوالفقار اور ایک اہلکار شدید زخمی ہو گئے تھے۔

ڈی ایس پی احسن ذوالفقار نے موقع پر تو اپنی جان بچا لی تھی لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 23 مارچ کو خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

شہید ڈی ایس پی احسن ذوالفقار کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی، جس میں آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور ان کی بہادری کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی جی سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس اپنے شہید افسر کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔

انہوں نے ملزم ارمغان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلانے کا اعلان کیا۔