اسلام آباد(29 مارچ 2026): مصر اور ترکیہ کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایک اہم سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکرٹری مشرق وسطیٰ سید احمد معروف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان علاقائی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان علاقائی و عالمی امور پر قریبی رابطہ رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر مکمل اتفاق پایا جاتا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں اہم ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی اسلام آباد پہنچے تھے اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے آج اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے دفتر خارجہ میں ملاقاتی بھی کی تھیں۔

مشرق وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کے حوالے سے آج پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ اسلام آباد میں اہم ملاقات کریں گے۔