اسلام آباد (20 مارچ 2026): عید الفطر سے قبل ہفتہ وار مہنگائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہو اہے، ہفتہ وار بنیاد پر اس کی سالانہ شرح 7 فیصد سے تجاوز کر گئی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، سالانہ بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی بڑھنے کی شرح 7.04 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیا سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں، ٹماٹر 25 فیصد، زندہ برائلر مرغی 7.33 فیصد تک مہنگی ہوئی، ڈبل روٹی، انڈے، بیف، آلو اور انرجی سیور بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔

لکڑی اور سگریٹ کی قیمتوں میں بھی گزشتہ ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سالانہ بنیاد پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 24.46 فیصد اضافہ ہوا، ایک سال میں سرخ مرچ 15.20 فیصد اور بیف 11.72 فیصد مہنگا ہوا۔

سالانہ بنیادوں پر خشک دودھ کی قیمت میں 10 فیصد اضافہ ہوا، مٹن کی قیمت میں 9.61 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال کی نسبت ڈیزل کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ، پیٹرول کی قیمت میں سالانہ بنیاد پر 25.75 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سالانہ بنیادوں پر گیس چارجز بھی 30 فیصد تک بڑھ گئے، ایل پی جی بھی سالانہ بنیاد پر 23.86 فیصد تک مہنگی ہوگئی۔